چیف الیکشن کمشنر نے نااہلی اور بدنظمی کے الزامات پر 3 افسران کو معطل کردیا

50

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے الیکشن کمیشن کے تین افسران کو نااہلی اور بدنظمی کے الزامات پر 120 دن کے لیے معطل کر دیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق یہ کارروائی حالیہ انتخابی بدانتظامی کے واقعے کے بعد کی گئی ہے، جس میں کراچی کے ایک اسٹرانگ روم کے تالے توڑ کر پولنگ بیگز کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن الیکشن کمیشن سندھ اظہر حسین ٹنواری اور کراچی کے الیکشن افسر خدا بخش کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انکوائری مکمل ہونے تک کراچی میں ہی رہیں گے اور اگلے احکامات کا انتظار کریں۔

الیکشن کمیشن نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی ہے، جس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نذر عباس، ڈائریکٹر وسیم احمد، اور آر ای سی لاڑکانہ عبدالوحید شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے۔

 

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 17 ستمبر کی رات کراچی کے علاقے پپری میں ایک اسٹرانگ روم کے تالے توڑے گئے تھے، جس کے نتیجے میں مختلف پولنگ اسٹیشنز کے کئی بیگز کو نقصان پہنچا۔ اس واقعے کے بعد الیکشن کمیشن نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے مذکورہ افسران کو معطل کیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال کو قائم مقام الیکشن کمشنر سندھ مقرر کر دیا گیا ہے تاکہ وہ انکوائری کے دوران الیکشن کمیشن سندھ کے معاملات کی نگرانی کر سکیں۔