الخدمت کے تحت 5 ہزار سے زائد طلبہ کو 53 کروڑ سے زیادہ کی اسکالر شپس فراہم کی گئیں

103

راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت پانچ ہزار سے زائد طلبہ کو 53 کروڑ وسے زائد کی اسکالر شپس فراہم کی جا چکی ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب کی ریجنل جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمدعبدالشکور نے کہاہے کہ نبی مہربانﷺ کی دنیا میں آمد سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ربیع الاول کو تعلیم کی آگاہی اور فروغ کے لیے عملی اقدامات کے طورپرمناتی ہے۔ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں کوئی بچہ اور نوجوان تعلیم سے محروم نہ رہے۔ اکیڈمک اسکالرشپ، الخدمت فاؤنڈیشن کااہم پروگرام ہے جس کے ذریعے سالانہ ہزاروں طلبہ وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپ فراہم کی جاتی ہے۔

اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب اقبال خان،ریجنل صدر الخدمت شمالی پنجاب رضوان احمد،سینئرنائب صدرسیدامجدحسین شاہ سمیت دیگر ذمے داران، ڈائریکٹرپروگرامز، صدوراضلاع بھی اجلاس میں شریک تھے، جس میں ریجنل اوراضلاع کی سطح پر جاری منصوبوں پربریفنگ کے بعد آئندہ کے لیے پلان مرتب کیا گیا۔

محمدعبدالشکور نے اضلاع کی کارکردگی اور میگاپراجیکٹس پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ذمے داران،ڈونرز اور رضاکارہمارا سرمایہ ہیں جن کی بدولت اربوں مالیت کے فلاحی منصوبوں کی تکمیل ممکن ہوتی ہے۔ الخدمت تعلیم،صحت،کفالت یتامی،ڈیزاسٹرمینجمنٹ،صاف پانی،سماجی خدمات،مواخات کے شعبوں میں خدمات سرانجا م دے رہی ہے جب کہ صرف شعبہ تعلیم کے اندربھی کئی محاذوں پر ورکنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت اب تک 5ہزار 411بچوں کو 53کروڑ 61لاکھ روپے کی اسکالرشپ فراہم کرچکی ہے۔ الخدمت بنوقابل لاکھوں نوجوانوں کی زندگیاں بدلنے والا پراجیکٹ ہے جس کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کومختلف اسکل سکھا کر اپنے خاندان کی کفالت کے قابل بنایاجارہا ہے۔