جیکب آباد،جی ڈی اے تنظیموں کاارساایکٹ کیخلاف احتجاج

64

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جی ڈی اے میں شامل تنظیموں کا ارسا ایکٹ میں ترامیم کے خلاف مظاہرہ، قومی شاہراہ پر دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جی ڈی اے میں شامل تنظیموں کا وفاقی حکومت کی جانب سے ارساایکٹ میں مجوزہ ترامیم کے خلاف ایک احتجاجی جلوس شہید اللہ بخش پارک سے ایک احتجاجی جلوس جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا عبدالجبار رند، ایس ٹی پی کے عبدالرزاق لاشاری، عبدالستار جاگیرانی، ایس یو پی کے مقبول لاشاری، فدا لکھن، جسقم کے امیر علی سرکی، مسلم لیگ ف کے مولا بخش کھوسو، پی پی شہید بھٹو کے نور محمد منجھو، قومی عوامی تحریک کے جی ایم سومرو اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا، جلوس میں شامل مختلف پارٹیوں کے کارکنان نے وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا۔بعد ازاں مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا ۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران سندھ کو بنجر بنانے کی سازش کررہے ہیں ارسا ایکٹ میں ترامیم فیڈریشن کو کمزور کرنے کے مترادف ہے ارسا ایکٹ میں ترامیم سے سندھ کی لاکھوں ایکڑ زرعی زمین بنجر بننے کا خدشہ ہے سندھ کے خلاف کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ارسا ایکٹ میں مجوزہ ترامیم غیر آئینی و غیر قانونی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھو دریا پر کالا باغ ڈیم سمیت کسی ڈیم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے خلاف سازشیں بند کرکے ارسا ایکٹ میں متضاد ترامیم واپس لی جائیں بصورت دیگر سندھ بھر میں شدید احتجاج کیا جائے گا۔