محرابپور ، چائے دیر سے لانے پر ملاح و سولنگی برادری میں تصادم ،9زخمی

176

محراب پور(جسارت نیوز)چائے کی تکرار گروہی تصادم میں تبدیل، 9 افراد لہو لہان ہوگئے، ٹریفک حادثے میں نوجوان زخمی ہوگیا، گروہی تصادم کا واقعہ مجٹ پولیس چوکی حدود میں پیش آیا جہاں چائے دیر سے لانے پر ملاح اور سولنگی برادری کے درمیان گروہی تصادم ہوگیا جس میں ڈنڈے، اینٹوں کا آزادنہ استعمال ہوا، اس تصادم میں سکندر ملاح، لیاقت علی، زاہد ملاح، سعد علی، سکندر سولنگی، آصف علی، نواز علی سولنگی سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس کے مطابق رپورٹ درج کرکے تفتیش کر دی ہے، مورو پولیس تھانہ کی حدود میں قومی شاہراہ دادو بائی کے مقام پر ناقص سڑک کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایک نامعلوم نوجوان زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔دوسری جانب ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں، مورو پولیس تھانہ کی حدود گچیرو روڈ دکان پر بیٹھے تاجر عبد المجید چانڈیو، رمیز بگھیو، ذولفقار بگھیو اور خالد سومرو سے موٹر سائیکل پر آنے والے دو رہزنوں نے اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر 3 موبائل فون، 14 ہزار کی نقدی چھین کر فرار ہوگئے، ڈکیتی کی رپورٹ متعلقہ پولیس تھانے پر درج کرائی گئی ہے، دوسری طرف بھریا روڈ پولیس تھانہ کی حدود وارڈ نمبر 8 میں چور قصاب ظہیر علوی کے گھر سے لاکھوں مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی سامان چرا کر لے گئے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔علاوہ ازیں اسکول پارکنگ اور کلینک کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چوری، محراب پور پولیس تھانہ کی حدود میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول محبوب علی جوکھیو کی پارکنگ میں کھڑی ہوئی درجہ ششم کے طالب علم حیدر علی ولد حاجی غلام سرور عامر کی موٹر سائیکل چابی چور چرا کر لے گیا، اکری پولیس تھانہ کی حدود کرونڈی شہر میں زین کلینک کے باہر کھڑی ہوئی طارق مگسی کی موٹر سائیکل چابی چور شرا کر لے گیا، پولیس کے مطابق وہ تحقیقات کر رہی ہے۔