کراچی ( رپورٹ : محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی اصلاحات کے منصوبے کے باوجود ادارے کے سالانہ بجٹ اور دیگر کوائف سے متعلق اعداد و شمار کی تفصیلات ادارے کی ویب سائٹ سے غائب کردی گئیں یا اسے ظاہر ہی نہیں کیا گیا۔ خیال رہے کہ واٹر کارپوریشن میں اصلاحات کا عمل گزشتہ 2 سال سے جاری ہے جس پر مجموعی طور پر اربوں ڈالر خرچ کیے جارہے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر ادارے کے بنیادی اعداد و شمار کو غائب کر دیا گیا یا انہیں ظاہر ہی نہیں کیا گیا۔ ادارے کی ویب سائٹ کو دیکھنے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ادارے کے کل تخمینہ سمیت تمام بجٹ سے متعلق اعداد و شمار کے سامنے زیرو زیرو ظاہر کردیا گیا جس کی وجہ سے یہ نہیں معلوم ہورہا ہے کہ ادارے کے حسابات کتنی مالیات کے ہیں جبکہ اس بارے میں معلومات کے لیے جب ادارے کے ڈی ایم ڈی فنانس اور دیگر افسران سے رابطہ کیا جاتا تو وہ موبائل فون کال ہی ریسو نہیں کرتے اور نہ ہی متعلقہ افراد کو ایس ایم ایس کا جواب دیا کرتے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ادارے میں مختلف امور کی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ واٹر کارپوریشن کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایڈمنسٹریشن اور محکمہ مالیات کے نظام کی اصلاحات ترجیحی بنیاد پر مکمل کی جارہی ہیں۔ اس دعوے کے برعکس یہ بات واضح ہے کہ ادارے کے ایم ڈی اور ڈی ایم ڈی کی جگہ صرف چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کی اسامیوں کو بھاری تنخواہوں کے عیوض نئے پے اسکیل اور خصوصی مراعات کو ظاہر کردیا گیا ہے مگر ان کی بھی تفصیلات چھپالی گئی ہیں۔ یہ بھی خیال رہے کہ واٹر کارپوریشن کی اصلاحات کے نام پر سالانہ اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں لیکن ادارے کے بورڈ کے اراکین سمیت کوئی بھی ذمہ دار ان کی مانیٹرنگ نہیں کررہا جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ 6 ارب ڈالر کا یہ منصوبہ اپنے وقت مکمل ہونے میں ناکام ہوجائے گا۔