نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں ہائی وے پر گڑھے پڑنے کا الزام چوہوں پر عائد کردیا گیا۔ ریاست راجستھان کے ضلع داؤسا میں دہلی ممبئی ایکسپریس وے کے ایک حصے میں گڑھا پڑنے کے بعد تعمیراتی کمپنی کے ایک ملازم کی جانب سے دعویٰ کیا گیا یہ گڑھے چوہوں کی وجہ سے پڑے ہیں۔ اس بیان پر کمپنی نے ملازم کو نوکری سے نکال دیا ۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ ملازم جونیئر پوسٹ پر تعینات ہے اور اسے تکنیکی معاملات کا بالکل بھی علم نہیں ہے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق سڑک میں پڑنے والا گڑھا پانی کے رساؤ کی وجہ سے بنا تھا،جس کی مرمت کردی گئی ہے۔