سپریم کورٹ نے پی بی 14 میں دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی

141

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 14 میں دوبارہ گنتی اور ریٹرننگ افسران کی مبینہ جانبداری کے الزامات کی درخواست مسترد کردی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق عدالت نے پیپلز پارٹی کے امیدوار غلام رسول کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ن لیگ کے محمود خان کی کامیابی کو برقرار رکھا۔

درخواست میں 96 پولنگ اسٹیشنز میں سے 7 اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی استدعا کی گئی تھی۔

چیف جسٹس نے دورانِ سماعت غلام رسول کے وکیل سے سوال کیا کہ انہیں کیسے معلوم ہوا کہ انتخابی نتائج میں غلطی ہوئی؟ وکیل نے فارم 45 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نتائج میں دھاندلی ہوئی اور افسران جانبدار تھے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ انتخابات میں سب سے اہم ثبوت ووٹ ہوتے ہیں اور فارم 45 کو اتنی اہمیت نہیں دی جا سکتی جب تک دوبارہ گنتی میں کوئی بے ضابطگی ثابت نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مدعی نے دوبارہ گنتی کے عمل پر اعتراض نہیں کیا اور پریزائیڈنگ افسران کی جانبداری کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے غلام رسول کے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے درخواست مسترد کردی اور محمود خان کی کامیابی کا فیصلہ برقرار رکھا۔