بھارت کی ریاست مہاراشٹر میں انتہا پسند ہندو تنظیم شِو سینا کے رکنِ ریاستی اسمبلی سنجے گائیکواڑ کو اپنے اِس اعلان پر شدید تنقید کا سامنا ہے کہ جو بھی کانگریس کے مرکزی رہنما اور لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی زبان کاٹ کر لائے گا اُسے 11 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔
سنجے گائیکواڑ نے اعلان راہل گاندھی کی طرف سے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر فیصلے ہونے چاہئیں۔ ریزرویشن کے نتیجے میں صلاحیتوں کی موت واقع ہو رہی ہے اور باصلاحیت افراد کی حق تلفی بھی روکی نہیں جارہی۔
سنجے گائیکواڑ کا کہنا ہے کہ میں اپنے بیان پر معافی کیوں مانگوں یا بیان واپس کیوں لوں؟ کم و بیش آدھا ملک ریزرویشن کی بنیاد پر چل رہا ہے۔ اگر یہ سسٹم ختم کردیا گیا تو اچانک کروڑوں افراد کے لیے سو طرح کے مسائل پیدا ہوں گے۔
جو لوگ بہت پیچھے رہ گئے ہیں وہ دراصل صدیوں کی غلامی کے نتیجے میں اس حال کو پہنچے ہیں۔ اُن کی حق تلفی کی جاتی رہی ہے۔ اب اگر انہیں دوبارہ ڈھنگ سے جینے کے قابل بنانا ہے تو لازم ہے کہ کسی نہ کسی طور انہیں سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں کی نشستوں میں زیادہ حصہ دیا جائے۔
سنجے گائیکواڑ نے یہ بھی کہا ہے کہ میں اپنے علاقے میں مہاراشٹر کے وزیرِاعلیٰ کو بلا رہا ہوں۔ اگر کانگریس کا کوئی کتا وہاں آیا تو اسے جان سے مار دوں گا۔ اُن کا اشارہ کانگریس کے کارکنوں کی طرف تھا جو ریزرویشن کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔