لاہور: پی ٹی آئی جلسے سے قبل پولیس کا کریک ڈاؤن کا آغاز

128

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 21 ستمبر کو ممکنہ جلسے سے پہلے پولیس نے کریک ڈاؤن کا لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے تمام ایس ایچ اوز کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث بقیہ ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا ہے اور ان گرفتاریوں کی نگرانی کے لیے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق جلسے کے مقام کا تعین ہونے کے بعد حتمی سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے گا، جس میں ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بعد سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا جائے گا۔

ممکنہ جلسہ کے پنڈال کے داخلی دروازوں پر کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کی جائے گی تاکہ سیکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔

پولیس اہلکاروں کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث مطلوب افراد کی تصاویر اور ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے تاکہ انہیں جلسے کے دوران پہچاننے اور گرفتار کرنے میں آسانی ہو۔