اسلام آباد: پاکستان نے افغان قونصل جنرل حفیظ محب اللہ شاکر کی قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے سے متعلق وضاحت کو مسترد کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ افغان قونصل جنرل کا پاکستان کے قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونا سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے اس معاملے پر اپنا احتجاج بھرپور طریقے سے ریکارڈ کروایا ہے۔
12 ربیع الاول کے موقع پر پشاور میں منعقد ہونے والی رحمت العالمین کانفرنس میں افغان قونصل جنرل اور ان کے ساتھیوں نے قومی ترانہ بجنے پر دیگر شرکاء کے ساتھ کھڑے ہونے سے گریز کیا تھا، جس پر پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔
اس کے بعد افغان قونصل جنرل کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد پاکستانی ترانے کی بے حرمتی نہیں تھا، بلکہ ترانے میں میوزک کی موجودگی کی وجہ سے وہ کھڑے نہیں ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اس وضاحت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ سفارتی آداب کے منافی ہے اور قابل قبول نہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران کسی ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے پاکستان کی کسی ملک کو فوجی بیسز فراہم کرنے کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو بھی بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا۔