حکومت عبدالحلیم عمیری کے قاتل کو گرفتارکرے: منعم ظفر

244

جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ حکومت عبدالحلیم عمیری کے قاتل کو گرفتار کرے۔

ان خیالات کا اظہار جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہید ہونے والے جماعت اسلامی کے رکن عبد الحلیم عمیری کی نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنے شہید بھائی عبدالحلیم عمیری کی نماز جنازہ ادا کررہے ہیں ،شہری اپنے پیاروں کے جنازے اٹھاتے تھک گئے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کان میں جون تک نہیں رینگ رہی، کراچی واحد شہر ہے جس میں صرف موبائل چھیننے پر گولی مار کر شہید کردیا جاتا ہے، المیہ یہ ہے کہ آئے روز ہم ٹارگٹ کلنگز و اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اِضافہ ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 8 ماہ میں 50 ہزار سے زائد ہزاروں کرائمز کی وارداتیں ہوئیں، 8 ماہ میں موبائل چھیننے کی وارداتوں میں 90 سے زائد شہری اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز و مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں مستقل اِضافہ ہورہا ہے لیکن ان ساری صورتحال میں صوبائی حکومت کہی نظر نہیں آرہی ،بڑے بڑے دعوے اور وعدے تو بہت کیے جاتے ہیں لیکن عملا کچھ نہیں کیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی مسلح و ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔  وزیر اعلی سندھ ، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ کی بنیادی زمہ داری ہے کہ چوروں اور ڈکیتوں کی خلاف کارروائی کرے اور چوروں اور ڈکیتوں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔