ادویات سے زیادہ طاقتور جراثیم سے 2050ء تک 4 کروڑ ہلاکتوں کی پیشگوئی

174

سان فرانسسکو: طبی ماہرین نے خوف ناک پیش گوئی کی ہے کہ ادویات سے زیادہ طاقت ور جراثیم کی وجہ سے آئندہ 26 سال تک (2050ء تک) تقریباً 3 کروڑ 90 لاکھ سے زیادہ افراد مر سکتے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق طبی جریدے دی لانیسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں اینٹی بایوٹک ادویات کے خلاف زیادہ طاقت کے حامل بیکٹیریاز اور جراثیم یا وائرسز کے حوالے سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2050ء تک دنیا میں کم و بیش 4 کروڑ افراد ایسے جراثیم کا شکار بنیں گے۔

رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ 1990 سے 2021 کے درمیان ہر سال 10 لاکھ سے زائد افراد ادویات کے خلاف زیادہ قوت سے مزاحمت کرنے والے جراثیم کے ہاتھوں مر چکے ہیں اور یہ تعداد 2050ء تک خطرناک حد تک بڑھے گی۔

رپورٹ کے مطابق 2025ء اور 2050ء کے درمیان مناسب اینٹی بایوٹکس کی عام دستیابی یا جراثیم سے بچاؤ کے بہترین علاج کی وجہ سے آبادی کے ایک بڑے طبقے کو بچانا ممکن ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں طاقت ور انفیکشنز کو سامنے رکھتے ہوئے آج ہی اس بات کو سوچنا ہوگا کہ ہم ان کے خلاف کس مقام پر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں طاقت ور جراثیم کے ہاتھوں ممکنہ ہلاکتوں کی تعداد شاید بتائے گئے اعداد و شمار سے بھی کہیں زیادہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کی وجہ سے ہونے والی اموات کو کم کرنے میں دنیا کو ناکامی کا سامنا ہے۔