عافیہ موومنٹ کااسلام آباد میں پرامن دھرنے کا اعلان

66

کراچی(نمائندہ جسارت) عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی 86 سالہ سزا کے خلاف گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی قیادت میں 22 ستمبر کو ڈی چوک ، اسلام آباد میں پرامن دھرنا دیا جائے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2016 ء میں جب نواز شریف وزیراعظم تھے، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے حکومت پاکستان کا ایک خط درکار تھا اور 8 سال کے بعد 2024 ء میں جبکہ شہباز شریف وزیراعظم پاکستان ہیں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے حکومت پاکستان کاایک خط اب بھی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز گرمجوشی سے دھرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ مختلف دینی، سیاسی،سماجی اور حقوق انسانی کی جماعتوں سے رابطہ کرنے پر ان کی جانب سے دھرنے کی حمایت اور شرکت کی یقین دہانی کرائی جارہی ہے۔ گزشتہ شب دھرنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔جس میں سابق سینیٹر مشتاق احمد خان، پی ڈی پی کے سربراہ اعظم منہاس،طلبہ تنظیموں کے سربراہان،پی ٹی آئی یوتھ کے رہنما شہباز بھٹی، سید علی شاہ،برادر قاسم، حاشر عباسی، فاروق شاہ، حذیفہ ودیگر رہنماشریک ہوئے۔گزشتہ ہفتے ڈاکٹر عافیہ کے امریکی وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ نے قوم کی مظلوم بیٹی سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات ڈاکٹر عافیہ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ’’انہیں اس جہنم سے نکالا جائے‘‘۔