بجلی ڈسٹری بیوشن میں مقابلے کی فضاء خوش آئندہے، مونس علوی

133
کاٹی کے صدر جوہر قندھاری کے الیکٹرک کی سی ای او مونس علوی کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی ( کامرس رپورٹر )کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مونس علوی نے کہا ہے کہ کراچی میں دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی شمولیت اور مقابلے کی فضاء کا خیر مقدم کریں گے۔اگر مقابلے کی فضاء ہوگی تو کارکردگی کا اندازہ ہوگا، لیکن کے الیکٹرک کو بھی کراچی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی آپریشنز شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں صنعتکاروں سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر جوہر قندھاری، سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین ریحان جاوید،سابق صدور و چیئرمین مسعود نقی، احتشام الدین، شیخ فضل جلیل، فرخ مظہر، کے الیکٹرک کے چیف فنانشل افیسر عامر غازیانی،چیف آف اسٹاف فرح ناز، ڈسٹریبیوشن ہیڈ شیخ ہمایوں صغیر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرز اسمر نعیم،ڈی جی ایم ایکسٹرنل افیئرز عمبرین ملک، ریجنل ہیڈ فیصل خان، کلسٹر ہیڈ کمز دانش صدیقی ، فوکل پرسن اکرام قائمخانی سمیت ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مونس علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاور ہولڈنگ لمیٹڈ ( پی ایچ ایل ) چارجز پر نیپرا سمیت ہر فورم پر آواز بلند کی ہے، کے الیکٹرک کا گردشی قرضے میں کوئی تعلق نہیں لیکن پھر بھی کراچی کے شہری اس اضافی چارجز کو ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی بھی پی ایچ ایل چارجز پر ساتھ دے تو حکومت ، وزارت توانائی اور نیپرا سے پی ایچ ایل سمیت دیگر چارجز کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کوششیں کر سکتے ہیں۔ کے الیکٹر ک کے سی ای او نے مزید کہا کہ نیٹ میٹرنگ میں کے الیکٹرک کی کارکردگی سب سے بہتر ہے، تاہم سمندری طوفان کے خطرات کے پیش نظر میٹر کی شپمنٹ تاخیر کا شکار ہے جس سے بہت سے صارفین انتظار میں ہے۔