اگست میں پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ میں 75 ملین ڈالر کا اضافہ

87

کراچی (کامرس رپورٹر )اگست 2024 کے دوران پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ میں 75 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اگست میں 152 ملین ڈالر کا خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بدھ کو جاری تازہ اعداد و شمار میں یہ بات بتائی گئی ہے۔ٹاپ لائن سیکورٹیز کے مطابق کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری ترسیلات زر کی وجہ سے ہوئی ہے جو سالانہ بنیادوں پر 40 فیصد اضافہ کے ساتھ 2.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ مالی سال 2025 کے پہلے دو مہینوں ترسیلات زر میں سالانہ 44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔موجودہ مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 171 ملین ڈالر رہا جو کہ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے میں 893 ملین ڈالر کے خسارے سے 81 فیصد کم ہے۔اگست 2024 میں ملک کی کل برآمدات (اشیا اور خدمات) 3.108 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں جو پچھلے سال کے اسی ماہ میں 3.081 بلین ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 1 فیصد زیادہ ہے۔دریں اثنا اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اگست 2024 کے دوران درآمدات 5.62 ارب ڈالر رہیں جو سالانہ بنیادوں پر تقریبا 10 فیصد اضافہ ہے۔