کنری،گستاخ رسول کی عدم گرفتاری پرعاشق رسول سڑکوں پر نکل آئے

90

کنری(جسارت نیوز)حضور نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کرنے اور ملعون کی عدم گرفتاری کیخلاف کنری کے عاشقان رسول سڑکوں پر نکل آئے،بازار اور مارکیٹیں بند کروا کے شدید احتجاج کیا۔تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ میں ایک ملعون ڈاکٹر شاہنواز کنمبھار کی جانب سے آپ ﷺکی شان میں گستاخی کرنے والے افسوسناک واقعے اور ملعون کی عدم گرفتاری کیخلاف کنری کے عاشقان رسول سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے تمام بازار اور مارکیٹیں بند کروا دیں ،جماعت اہلسنت،،خلیلی جماعت اور اہلسنت والجماعت کے کارکنان نے شہر میں ریلی نکالی جبکہ مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے سید عباس شاہ کی قیادت میں بھی ایک علیحدہ ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکا نے نیشنل پریس کلب کنری کے سامنے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔اس موقع پر مفتی عبدالخالق سکندری،مولانا عبدالغفور لوند،مولانا عبد الستار ساند،خلیلی جماعت کنری کے خلیفہ حاجی اختر اعوان خلیلی،مولانا محمد سرور بھٹیاورمولانا محمد نعیم ہاشمی ودیگر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جشن میلادالنبی کے بابرکت اور مقدس دن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملعون شاہنواز کنمبھار نے سرکار دوجہاں،محسن انسانیتﷺکی شان اقدس میں سنگین گستاخی کرکے لاکھوں،کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں میں سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی عمرکوٹ کی فوری مداخلت پر ملعون شاہنواز کمبھار پر عمرکوٹ تھانے پر مقدمہ تو درج کر لیا گیا ہے لیکن اب تک اس کی گرفتاری عمل میں نہ آنے پر مسلمانوں میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ گستاخ رسول ملعون شاہنواز کنمبھار کو فوری طور پر گرفتار کرکے تختہ دار پر لٹکایا جائے ورنہ ملعون کی گرفتاری تک ہمارا پرامن احتجاج جاری رہے گا۔قبل ازیں شہر میں مشتعل افراد کی جانب سے دکانیں بند کراتے وقت ایک دو ناخوشگوار واقعات بھی پیش آئے لیکن ایس ایچ او کنری کی موجودگی میں پولیس نے اس پر بروقت قابو پا لیا جبکہ رات دیر گئے عمرکوٹ میں مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائروں اور ایک پولیس موبائل کو بھی نذر آتش کردیا تھا۔