میر پور خاص، عدالتی حکم پر گرین بیلٹ کیخلاف آپریشن شروع

95

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر میرپورخاص میں گرین بیلٹ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے مشہور میرواہ روڈ پر چاندنی چوک سے جرواری شاخ تک واقع وسیع اراضی جو کہ گرین بیلٹ ہے پر بااثر لوگوں کی جانب سے گرین بیلٹ پر قبضے اور اسے اپنے گھروں کے لیے پارکس میں تبدیل کرنے کے خلاف وکیل کانجی مل میگھواڑ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ میں دائر درخواست پر عدالت نے گرین بیلٹ سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیہو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اورنگزیب مغل اور مختار کار راشد میو پولیس اور دیگر عملے کے ہمراہ بنگلوں، بڑے پرائیویٹ اسکولز، شو رومز، بڑے آہنی و لکڑی کے گیٹ اور تعمیر کی گئی رکاوٹیں ہٹانے کیلیے بھاری مشنری سے آپریشن شروع کر دیا گیا۔ اس موقع پر قابضین کی جانب سے آپریشن کے خلاف مزاحمت بھی کی قابضین کو آپریشن کی نگرانی کرنے والے افسران نے بتایا کہ آپریشن عدالتی حکم پر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اورنگزیب مغل کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے بعد قابضین کو قبضہ ختم کرنے کے لیے 6 دن پہلے نوٹس دیے گئے تھے لیکن انہوں نے خود قبضہ نہیں ہٹایا جس کی وجہ سے ہمیں آپریشن کرنا پڑا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کے حکم پر 6 ہزار سال پرانا کاہو جو دڑو سے بھی قابضین کو ہٹایا جائے گا اور جلد شہر کے تمام فٹ پاتھوں سے بھی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا جائے گا تاکہ شہر میں پیدل چلنے والوں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔