حب،پیپلزپارٹی کے رہنماکی انکے خلاف پروپیگنڈے کی مذمت

69

حب ( آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و ضلع حب کے صدر ، ترجمان صدر آصف علی زرداری اورصوبائی مشیر صنعت و حرفت بلوچستان میر علی حسن زہری نے سماجی رابطوں کی مختلف سائٹس پر انکے خلاف منفی پروپیگنڈہ اور بے سروپا خبروں کی شدید الفاظ میں مذمت و تردید کی ہے ۔ میر علی حسن زہری نے اپنے میڈیا سیل کے پولیٹیکل ونگ کے ذریعے اپنا ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی مفادپرست اور عوام دشمن بھوتانی برادران اور ان کے حواریوں نے ایک مرتبہ پھر ہمارے خلاف منظم سازش کے تحت منفی اور گھٹیا پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے اورہم پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں اس وقت عمرہ کی سعادت کے لئے سعودی عرب میں موجود ہوں اوربھوتانی برادران اوران کے حواری میری غیر موجودگی کاناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہو چکے ہیں بھوتانی برادران کے یہ اوچھے ہتھکنڈے اب کام نہیں کریں گے ۔ان کی ذاتی مفادات کی سیاست دفن ہو چکی ہے اور اس طرح کی حرکتوں اورہمارے جاری کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں رائیگاں جائیں گی ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ ہماری کامیابی اور ہمارے عوامی مفادات کے منصوبوں کی کامیابی سے بھوتانی برادران بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں کیونکہ انہیں اندازہ ہو گیا ہے کہ اب ان کی منفی سوچ اور کھوکھلے نعروں کے فریب میں باشعور عوام نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ چالیس سال سے مسلط نام نہاد نمائندے بھوتانی برادران نے ضلع حب کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا تھا اور ہم ضلع حب کو دوبارہ زندگی کی طرف لا رہے ہیں ۔ اس وقت ضلع بھر میں سینکڑوں عوامی مفادات کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل تیزی سے جاری ہے ۔ ان منصوبوں میں سے اکثر مکمل ہو چکے ہیں اور عوام ان سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ بہت سارے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ بھوتانی برادران اور ان کے زرخرید حواری منفی پروپیگنڈہ اور الزامات پر اُتر آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حب کے عوام اُن کے جھوٹے الزامات اور پروپیگنڈہ پر دھیان نہیں دھریں گے۔ یہ بات انہیں بھی معلوم ہے کہ بلوچستان میں اب ان کی سیاست ہم نے دفن کر دی ہے ۔اسی لئے اس طرح کے الزامات اور بہتان لگا رہے ہیں جس پر ہم قانونی چارہ جو ئی کا حق رکھتے ہیں ۔