کراچی (اسٹاف رپورٹر) میمن مسجد پر جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک دشمن مشرقی اور مغربی سرحدوں سے پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں، تاہم ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ اللہ کی مدد سے دشمن کی ان کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ پاکستان کو سیاسی اور معاشی مشکلات سے نجات دلائے۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کو وہ عظیم مملکت بنائیں جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم نے دیکھا اور ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹوشہید نے قربانیاں دیں۔ اس موقع پر صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، ضیا الحسن لنجار، جام خان شورو، سعید غنی، جام اکرام اللہ دھاریجو، محمد علی ملکانی ، ریاض حسین شاہ شیرازی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔