قطر: حفاظتی اقدامات سے ٹریفک حادثات میں اموات 57فیصد کم

53

دوحہ (رپورٹ: لیاقت انجم )قطر میں رواں برس جولائی میں سنگین سڑک حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں 57 فیصد سے زیادہ کی ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل پلاننگ کونسل کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں ٹریفک حادثات میں 6اموات ریکارڈ کی گئیں، جو جون میں 14 تھیں۔ جولائی میں کل ٹریفک حادثات میں 7فیصد کمی دیکھی گئی،جب کہ جون میں 647 واقعات پیش آئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر ٹریفک حادثات معمولی نوعیت کے تھے ۔ مجموعی طور پر 2024 کے ابتدائی 7ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 89 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ روڈ سیفٹی انڈیکیٹرز میں جنوری سے مسلسل بہتری دیکھی گئی ہے، جب کل حادثات 843 تھے جن میں 41 بڑے حادثات اور 17 اموات ہوئیں۔ یہ بہتری وزارت داخلہ کی جانب سے ٹریفک سیفٹی کے ضوابط پر سختی سے عمل کرنے اور قوانین کی اہمیت کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ ٹریفک پولیس نے ملک بھر میں سڑکوں اور چوراہوں پر نصب نگرانی کیمروں کے ذریعے سیٹ بیلٹ اور موبائل فون کے استعمال کی خلاف ورزیوں کی نگرانی شروع کر دی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق یکم ستمبر کے بعد سے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور واجبات ادا کیے بغیر ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔