چین اور ویتنام میں طوفان سے تباہی، سیکڑوں اموات

166
شنگھائی میں طوفان کے باعث گھر میں پھنسے شہریوںکو ریسکیو کیا جارہا ہے

بیجنگ؍ ہنوئی (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے شہر شنگھائی میں 75 سال کے طاقتور ترین سمندری طوفان نے تباہی مچادی۔سمندری طوفان کے زیر اثر 151 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے درخت، عمارتوں کی کھڑکیاں اور اشتہاری بورڈز اْڑ گئے۔ طوفانی ہواؤں کے باعث سڑک پر چلتا ٹرک بھی اْلٹ گیا، راہ گیروں نے درختوںاور کھمبوں کے سہارے خود کو اْڑنے سے بچایا۔ طوفان کے باعث 1400پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 4 لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 12 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ چینی محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب ویتنام میں سمندری طوفان یاگی کی نئی لہر نے تباہی مچادی اور ہلاکتوں کی تعداد 290 سے تجاوز کرگئی ۔ خبررساں اداروں کے مطابق ویتنام میں مزید سیلاب اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ،جس کے نتیجے میں سمندری طوفان یاگی دوبارہ وسطی ساحلی علاقوں کو لپیٹ میں لے لے گا۔ محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفان کے مزید گہرے ہونے کا امکان ہے۔ حکومت نے ساحلی علاقوں کے لیے حالات سنگین ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ ویتنام رواں برس ایشیا میں آنے والے بدترین طوفان یاگی کی لپیٹ میں ہے اور 10 روز قبل شمال مشرقی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی تھی۔اب تک 291 افراد ہلاک 38 لاپتا اور 2ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔