ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی عبدالحلیم عمیری شہید

191

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر )کراچی میں ڈکیتوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن عبدالحلیم عمیری دم توڑ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال نیپا چورنگی سر سید یونیورسٹی کے قریب 13ستمبر بروز جمعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 54 سالہ عبدالحلیم عمیری ولد محمد یوسف پیٹ میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے ۔انہیںفوری طور پر طبی امداد کے لیے پٹیل اسپتال اور بعد ازاں ویٹی لیٹر کی سہولت نہ ملنے پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ6دن زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے بعد خالق حقیقی سے جاملے۔ عبدالحلیم عمیری 1985ء میں پرائمری کلاس سے اسلامی جمعیت طلبہ کی اسکول کمیٹی بزم ساتھی سے منسلک ہوئے، بعد ازاں ا سلامی جمعیت طلبہ میںکارکن اور بحیثیت رکن فعال کردااداکیا اور اہم ذمے داروں بحسن خوبی نبھائیں۔ مقتول نے سوگواران میں 3بچے چھوڑے ہیں ۔ان کی نماز جنازہ آج جمعرات کو ملیر ماڈل کالونی گول گروانڈ بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی ۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی منعم ظفرخان نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں عبدالحلیم عمیری کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ ، آئی جی اور ڈی جی رینجرز سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ کراچی میں رہزنی و ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی واردتیں اور مزاحمت پر شہریوں کا قتل انتہائی تشویشناک ہے، عبدالحلیم عمیری کے قاتلوں کو فوری گرفتارکرکے قرارواقعی سزادی جائے۔