خاتون کرکٹر سے نامناسب رویہ: سابق سری لنکن کرکٹر پر 20 سالہ پابندی عائد

155

سابق سری لنکن کرکٹر اور کوچ دلیپ سماراویرا پر کرکٹ آسٹریلیا نے خاتون کرکٹر کے ساتھ غیر مناسب رویے کے باعث 20 سال تک کسی بھی عہدے پر فائز رہنے کی پابندی عائد کر دی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کے کنڈکٹ کمیشن کے مطابق سماراویرا کا رویہ نامناسب پایا گیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں ضابطہ اخلاق کے سیکشن 2.23 کے تحت سزا دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب کرکٹ وکٹوریہ کی ایک خاتون کھلاڑی نے سماراویرا پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے خاتون کے ساتھ نامناسب برتاؤ کیا، جس کے نتیجے میں ان کے خلاف یہ سخت کارروائی کی گئی۔

دلیپ سماراویرا نے 1993 سے 1995 تک سری لنکا کے لیے 7 ٹیسٹ اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

2008 میں انہوں نے کرکٹ وکٹوریہ میں بطور بیٹنگ کوچ شمولیت اختیار کی اور گزشتہ سال نومبر میں ویمنز ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر نامزد ہوئے تھے۔

اس سنگین خلاف ورزی کے باعث کرکٹ آسٹریلیا نے ان کے خلاف یہ تاریخی پابندی لگائی ہے، جو کرکٹ میں نظم و ضبط اور ضابطہ اخلاق کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔