جے یو آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کیلیے 60دن کی مہلت طلب کرلی

121
across the country

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام نے انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے 60 روز کی مہلت مانگ لی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن میں جے یو آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جمعیت علمائے اسلام کے وکیل نے 2 ماہ کی مہلت طلب کی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، جس میں جمعیت علمائے اسلام کے جونیئر وکیل نے بتایا کہ انٹرا پارٹی کے انتخابات مرحلہ وار جاری ہیں۔

وکیل کے مطابق سب سے زیادہ ضلعی یونٹس کے انتخابات میں وقت لگا ہے۔ ہم نے دستاویزات جمع کرائی ہیں جس انتخاب کا شیڈول دیا ہوا ہے۔ جولائی سے انٹرا پارٹی انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ہمیں انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے 60 دن کی مہلت دے دیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 60 دن تو زیادہ ہیں، جس پر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئینی اصلاحات کا معاملہ چل رہا ہے، مصروفیت تھی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئینی اصلاحات کا انٹرا پارٹی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔ اس کے بعد آپ کو مہلت نہیں ملے گی۔