ریکارڈ پر ریکارڈ:ڈیوڈ رش نے کم ترین وقت میں مکوں سے غبارے پھوڑنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا

163

واشنگٹن: امریکا میں ریکارڈز بنانے کے شوقین شخص نے کم ترین وقت میں مکوں سے غبارے پھوڑنے کا اپنا ہی ریکارڈ ایک بار پھر توڑ ڈالا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی ریاست آئیڈاہو میں سیریل ریکارڈز قائم کرنے والے ڈیوڈ رش نے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ غباروں کو مکوں کے ذریعے پھوڑنے کا ایک نیا ریکارڈ بنا کر تیز رفتاری سے سب کو حیران کردیا۔

ڈیوڈ رش نے اس نئے ریکارڈ کے لیے ٹی وی سیریز لائیو ود کیلی اینڈ مارک کا انتخاب کیا، جہاں انہوں نے صرف 60 سیکنڈز میں (ایک منٹ کے دوران) مجموعی طور پر 600 غباروں پر اپنے مکے برسائے اور ایک نیا ریکارڈ بنا کر گنیز بک میں اپنا ایک اور اندراج کروا لیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: امریکا:12 سیکنڈز میں 200 غبارے پھاڑنے کا عالمی ریکارڈ

واضح رہے کہ ڈیوڈ رش نے کچھ ہفتے قبل ہی 327 غبارے پھوڑنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اب 630 غبارے لگا کر وقت مقرر کیا اور اس دوران باکسنگ گلوز (دستانے) پہن کر 630 میں سے 600 غباروں کو مکوں سے پھوڑ دیا۔

عالمی ریکارڈز کا اندراج کرنے والے ادارے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے ایک جج نے جو اس شو میں موجود تھے، تصدیق کی کہ ڈیوڈ رش نے بالآخر اپنے ہی ریکارڈ کو توڑ کر ایک نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ ڈیوڈ رش کے پاس مجموعی طور پر 181 سے زیادہ ریکارڈز ہیں، اس کے ساتھ انہیں دنیا میں سب سے زیادہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کا حامل بھی قرار دیا جاتا ہے۔