امریکا کی 6 ریاستوں میں الیکشن افسران کو مشتبہ پیکٹس موصول

164

امریکا کی 6 ریاستوں میں الیکشن افسران کو مشتبہ پیکٹس موصول ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاستوں نبراسکا، آئیوا، کنساس، ٹینیسی، وائومنگ اور اوکلاہاما میں الیکشن افسران کو مشتبہ پیکٹس موصول ہوئی ہیں، جن کی تحقیقات ایف بی آئی اور پوسٹل انسپیکشن سروس نے شروع کر دی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ مشتبہ پیکٹس حال ہی میں موصول ہوئیں ہیں لیکن ابھی تک ان میں موجود مواد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ خط بھیجنے والوں نے خود کو “امریکی باغیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے والی فوج” قرار دیا ہے جو کہ ایک غیر معمولی اور تشویشناک پیغام ہے۔

امریکی انتخابی عمل میں ایسے وقت میں یہ مشتبہ مواد بھیجا گیا ہے جب ملک بھر میں 5 نومبر کو صدارتی اور کانگریس کے انتخابات ہونے والے ہیں، جس سے سیکیورٹی اور انتظامی امور پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔

نبراسکا کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ خطوط میں موجود مواد فی الحال نقصان دہ نہیں پایا گیا لیکن تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ان پیکٹس کا مقصد کیا تھا اور ان کے بھیجنے والوں کا پتہ لگایا جا سکے۔

ایف بی آئی اور پوسٹل انسپیکشن سروس کی ٹیمیں اس معاملے کی تفصیل سے جانچ کر رہی ہیں تاکہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے تمام ممکنہ خطرات کو کم کیا جا سکے۔