لبنان:حزب اللہ اراکین کے پیجرز میں پراسرار دھماکے:8 شہید، ہزاروں زخمی، اسپتال بھر گئے

438

بیروت: حزب اللہ اراکین کے پیجرز میں ایک ساتھ پراسرار دھماکے ہونے کے واقعات میں 8 شہید اور ہزاروں زخمی ہو گئے جب کہ زخمیوں سے اسپتال بھر گئے۔

بین الاقوامی اور عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس کے مطابق لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجرز میں حیران کن طور پر ایک ساتھ دھماکے ہوئے ہیں۔ باہمی رابطوں کے لیےاستعمال ہونے والی ان ڈیوائسز میں دھماکوں سےحزب اللہ کےکئی اراکین زخمی ہوئے۔

پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے۔ واقعات کے بعد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں لے جایا جا رہا ہے جن میں سے اکثر کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جب کہ ہزاروں زخمی ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں رش بڑھ گیا ہے۔

مقامی محکمہ صحت کے مطابق پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید ہوئے ہیں جب کہ زخمی کم و بیش ڈھائی ہزار سے زیادہ ہیں جن میں سے 200 سے زائد کی حالت نازک ہے۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا میں بتایا جا رہا ہے کہ پیجرز دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ عرب میڈیا کی جانب سے چلائی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے پیچرز میں دھماکوں کے بعد اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں سے اکثر کو ہاتھوں، پیروں، چہروں اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں۔ حزب اللہ کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیجرز میں دھماکا ہونا موجودہ جنگ کے دوران سکیورٹی کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔

واضح رہے کہ پیجرز میں دھماکوں کا سلسلہ دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جن پیجرز میں دھماکے ہوئے ہیں وہ جدید ماڈل کے تھے جنہیں حالیہ مہینوں میں ہی خریدا گیا تھا۔