ارسا ایکٹ کے تحت سندھ کے پانی پر ڈاکا قبول نہیں،ڈاکٹر نیاز چانڈیو

83
پیپلزپارٹی قنبر شہدادکوٹ کے انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر نیاز احمد چانڈیوسمیت پی پی کے دیگررہنما پریس کانفرنس کررہے ہیں

قنبر علی خان(نمائندہ جسارت) پی پی چیئرمین بلاول زرداری اور پی پی سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری عاجز دھامراہ کے حکم پر آج پی پی ضلع قنبر شہدادکوٹ کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نیاز احمد چانڈیو ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات جاوید احمد چانڈیو ، غلام قادر چانڈیواور علی اصغر سومرو سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماؤں نے پی پی آفس قنبر میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت پسند اور وطن دوست پارٹی رہی ہے جس نے ہمیشہ صوبائی خود مختاری اور عوامی بنیادی حقوق کیلیے اپنی جدوجہد کی مثال قائم کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت سندھ کے اندر پانی کی شدید قلت ہے پانی کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے یہ طے کیا گیا تھا کہ 48فیصد پانی سندھ کو دیا جائے گا جبکہ 48 فیصد پانی پنجاب کودیا جائے گا جبکہ اس وقت پنجاب کو 58 فیصد پانی دینے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس کو سندھ کے عوام اس ناانصافی کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج تک سندھ کو اپنے حصے کا پورا پانی نہیں ملا ہے جس کی شکایات پارٹی چیئرمین نے قومی اسمبلی کے فلور اور بڑے بڑے سیاسی لیڈروں سامنے کیں جس بات کو تمام جماعتوں کے سیاسی لیڈروں نے تسلیم کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم ارسا ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے اور ارسا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف سندھ کے ہر شہر اور فورم پر اپنی احتجاجی تحریک چلاکر اپنی بھرپور جدوجہدکریں گے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے رہنما اور ورکرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔