سکھر ،ریلوے کی نجکاری کیخلاف پریم یونین کی احتجاجی ریلی

96

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان ریلوے پریم یونین( سی بی اے) رادہن زون سکھر ڈویژن کی جانب سے ریلوے کے نجکاری اور ٹی ایل اے ملازمین کو ملازمتوں سے برخواست کیے جانے کیخلاف رادہن ریلوے اسٹیشن سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پریم یونین مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو، ڈویژنل صدر سکھر اختر علی عباسی، سینئر رہنما علی نواز زرداری، رادہن ژونل صدر امداد علی سراج لاشاری نے کی۔اس موقع پر پریم یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو سکھر ڈویژنل صدر اختر علی عباسی نے پریس کلب کے سامنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرینوں کی پرائیویٹائزیشن کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے، مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف پریم یونین کے ملک بھر میں تحریک جاری ہے، نجکاری کیخلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی اسٹیل مل، پی آئی آے کے اداروں کی بربادی کے بعد اب ریلوے کی بربادی کا آغاز کیا جارہا ہے ریلوے فوجی ساز و سامان کی نقل و حرکت کا ایک حساس ادارہ ہے۔اس کی نجکاری ملکی دفاع کیخلآف ملک دشمنی ہے، ریلوے کو کسی صورت ملک دشمنوں کے حوالے نہیں کرنے دیا جائے گا۔پوری قوت اور طاقت کے ساتھ بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔پریم یونین ایک قوت اور طاقت کا نام ہے جو پاکستان کے نظریے اور ملکی مفادات کی محافظ ہے۔ ریلوے کو بچانے کے لیے ہر مزدور کو میدان عمل میں خود نکل کر عملی جدوجہد کرنے ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایل اے ملازمین جن کی آٹھ دس سال سروس ہو چکی ہے انہیں نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے، حکومت وقت نے الیکشن کے پہلے کہا تھا کہ ہم کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو نوکری پر کنفرم کریں گے اس کے برعکس ان کو نوکری سے فارغ کیا گیا ہے انہیں وقت پر تنخواہیں بھی نہیں ملتی، ان کی جگہ نئے لوگ بھرتی کیے جا رہے ہیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور وفاقی حکومت اور ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان ملازمین کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی سمیت نوکری پر فوراً کنفرم کیا جائے۔