سندھ کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے، پیپلز پارٹی

114

شکار پور (نمائندہ جسارت) ضلع کے سیکرٹری اطلاعات ناظم الدین ڈھر ، پیپلز پارٹی کلچرل ونگ لاڑکانہ ڈویژن کے صدر برکت علی لاشاری، غلام مرتضیٰ ابڑو، قاضی فیاض احمد، پیر بخش راہوجو، سید عرفان شاہ امروٹی، ممتاز علی بھیو نے کہا ہے کہ اگر ارسا ایکٹ تبدیل کرکے سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی گئی تو پیپلز پارٹی سخت مزاحمت کرے گی۔ یہ بات انہوں نے پریس کلب پر میڈیا کے نمائندوں سے پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے اور سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے والوں کے خلاف سخت مزاحمت کریں گے۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں نوجوانوں کے حوالے سے جو خطاب کیا وہ قابل تحسین ہے، بلاول بھٹو زرداری نے وہ خطاب کیا ہے جو 75 سالہ سیاسی لیڈر کو کرنا تھا لیکن وہ جیل میں بیٹھا رو رہا ہے۔ جو لوگ کہتے تھے کہ پی پی ایک صوبے کی جماعت ہے، وہ رحیم یار خان سے قومی اسمبلی کی نشست پر پی پی اُمیدوار کی کامیابی دیکھ لیں، پنجاب میں بھی ہم موجود ہیں جبکہ بلوچستان میں پی پی کا وزیر اعلیٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ میں گالم گلوچ کی سیاست کرنے والے ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔