مزید 22فلسطینی شہید ۔اسرائیل میں چاقو بردار شخص کا حملہ،اہلکار زخمی

179

تل ابیب /غزہ /بیروت /صنعا (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فورسز غزہ بھر میں مہلک حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، 24 گھنٹے میں مزید 22 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے جبکہ 76
افراد زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج کے نصیرات کیمپ پر حملے میں 10 فلسطینی شہید اور15زخمی ہوگئے جبکہ غزہ سٹی کے زیتون اور شیخ رضوان محلوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت مزید 10 افرادشہید ہوگئے۔صیہوبی افواج کے مغربی کنارے میں بھی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں ، رفح میں گھر پر اسرائیلی حملے کے بعد 2 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں، مقبوضہ علاقے میں مختلف حملوں میں متعدد افراد شہید اور درجنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔اسرائیل میں بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکار کو چاقو مار کر زخمی کردیا گیا جب کہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور کو قتل کردیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ یروشلم کے قدیم شہر کی فصیلوں کے مرکزی داخلی راستے پر پیش آیا جب ایک اسرائیلی سرحدی پولیس کے افسر پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔اسرائیل نے لبنان کے ساتھ لگنے والی شمالی سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں میں 9 ہزار سے زاید جدید رائفلز تقسیم کردیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع اور فوج نے ملک کے شمال میں رہنے والی آبادیوں میں 9 ہزار سے زاےد جدید رائفلز تقسیم کیں۔ خبر کے مطابق 13 ملین ڈالر سے خریدی گئی 9 ہزار آئی ڈبلیو آئی ارد رائفلز ملک کے شمال میں رہنے والی 97 مختلف کمیونٹیز کے افراد میں تقسیم کی گئیں۔حماس کے ایک سینئر عہدیدار اسامہ حمدان نے استنبول میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے خلاف ایسے اقدامات کرنے میں ناکام رہا ہے جس سے غزہ میں جنگ بندی ہوسکتی تھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی تحریک کے پاس غزہ میں 11 ماہ سے جاری جنگ کے دوران نقصانات کے باوجود اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے کافی وسائل موجود ہیں۔