چین پاکستان کو شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا

129

ہلنبیور(اسپورٹس ڈیسک)چین کی ٹیم ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ہوا۔ میچ کے مقررہ وقت پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابررہا۔چین کی ٹیم نے پنالٹی سوٹ آئوٹ پر پاکستان کو 0-2 گول سے شکست دی ۔ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے8ویں ایڈیشن میںچین کے شہر ہلنبیور کے موکی ٹریننگ بیس میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2024 کیپہلے سیمی فائنل میچ میں پاکستان اور میزبان چین کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ۔ سیمی فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے کیا۔پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم نہ گول کرسکی اور نہ ہی پنالٹی کارنر لے سکی، لیکن دوسرے کوارٹر میں پاکستان کو لگاتار4 پنالٹی کارنر ملے، پاکستان کسی ایک پر بھی گول نہ کرسکا۔13ویں منٹ میں چین کو پہلا پنالٹی کارنر ملا جس پر یوان لین لو نے گول کرکے ٹیم کو پاکستان کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلا دی۔ ہاف ٹائم پر چین کو پاکستان کے خلاف 0-1 گول کی برتری حاصل تھی۔تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے احمد ندیم نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو 5-5پنالٹی شوٹ آئوٹ دیے گئے۔ پاکستان نے ابتدائی 4 پنالٹی شوٹ آئوٹ ضائع کردیے جبکہ چین نے 4 میں سے 2 پر گول کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔واضح رہے کہ پاکستان کو گروپ میچز میں صرف بھارت سے شکست ہوئی تھی جبکہ دو میچز میں فاتح اور دو میچز برابر رہے تھے۔