ایشیائی بینک اور پاکستان میں 720 ملین ڈالر کے 2 منصوبوں پر دستخط

23

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے درمیان 720 ملین ڈالر کے2 منصوبوں پر دستخط ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور اے ڈی بی کے صدر نے وفد کے ہمراہ 400 ملین امریکی ڈالرز کے سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پروجیکٹ اور 320 ملین امریکی ڈالرز مالیت کے خیبر پختونخوا دیہی روڈز ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے حوالے سے مسودے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے یہ دونوں منصوبے سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی سے متعلق ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم سے ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) کے صدر مساتسوگو آساکاوا نے پیر کو ایک وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، وزیراعظم نے اے ڈی بی کے وفد کو حکومت پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے سلسلے سے آگاہ کیا جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، توانائی کے شعبے کی مالی استحکام کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے خلاف اقدامات ، غیر ہدف شدہ سبسڈی میں کمی اور سماجی تحفظ کو بڑھانا شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان اصلاحات کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کے کامیاب نفاذ اور طویل مدتی اثرات کو یقینی بنایا جا سکے جو کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔ صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے جامع اصلاحات کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی اور پاکستان کے لیے بینک کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں انفرااسٹرکچر کی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے کے عزم کی تجدید کی۔