بدترین لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک حکام کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر

22

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کیماڑی میں 18 گھنٹے سے زاید لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک حکام کیخلاف مقدمے کی درخواست دائر کردی گئی۔ سیشن عدالت غربی میں ایڈووکیٹ حسن بانو کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سی ای او، ڈائریکٹر اور جی ایم کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے کیماڑی کے علاقے مسان چوک میں 18 گھنٹے سے زاید لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔ ہیلپ لائن پر کال کرنے پر بتایا گیا چند لوگوں کی جانب سے بل کی عدم ادائیگی پر لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مساجد اور گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ خواتین کا گھروں کا کام کاج کرنا محال ہوگیا ہے۔ بچوں کو اسکول کا ہوم ورک مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے علاقے میں جرائم کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کے الیکٹرک حکام خود کو قانون سے بالاتر سمجھ رہے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ جیکسن کے الیکٹرک حکام کیخلاف مقدمہ درج نہیں کر رہے۔ درخواست گزار کا بیان ریکارڈ کرکے کے الیکٹرک حکام کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔