پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول اپنے نانا کے بنائے آئین کو دفن کر رہے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے مولانا فضل الرحمان کی آئینی ترامیم کے حوالے سے محتاط رویے کی تعریف اور حکومت پر تنقید کی ہے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں قریشی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترامیم پر مناسب سوچ بچار کی ہے اور وہ کسی دباؤ میں نہیں آئے، ان کی سراہنا کرتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئینی ترامیم حساس مسئلہ ہے جس پر تفصیلی بحث و مباحثہ ہونا چاہیے، عجلت میں ترامیم کرنا نامناسب ہے۔ مسودہ آئینی ترامیم کو سیاسی جماعتوں سے چھپایا جا رہا ہے اور اس پر پارلیمنٹ میں بات چیت کی جائے گی۔ ایسی ترامیم جن میں 50 سے زائد تبدیلیاں شامل ہوں، ان پر جلد بازی نہ کی جائے۔
قریشی نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے بنائے 1973ء کے آئین کو دفن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ترامیم عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہیں اور پاکستان کے وکلاء نے آئین کے تحفظ کے لیے لمبی جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلور کراسنگ کی اجازت دینا پارلیمنٹ کو بے کار بنائے گا اور پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ابھی تک نہیں ملیں، اس لیے نامکمل پارلیمنٹ آئین میں ترامیم نہیں کر سکتی۔ حکومت عدلیہ کی تعیناتی اور تبادلوں کا اختیار حاصل کرکے 1973ء کے آئین کی شکل بگاڑ رہی ہے۔