پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا مقصد صرف اور صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں نے عدلیہ کے نظام کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئینی ترامیم کا مقصد صرف اور صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے۔ نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ آئینی عدالت کے قیام کا مقصد سپریم کورٹ سے خوفزدہ حکمرانوں کی جانب سے بنایا گیا ہے۔ آئینی ترمیم کا مقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے اور یہ سب کچھ الیکشن میں فراڈ چھپانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ حکمرانوں کو ڈر ہے کہ اگر الیکشن کھل گیا تو سب کچھ ریورس ہو جائے گا۔
بانی چئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت رول آف لاء کی دھجیاں اڑا رہی ہے اور اس سے بڑے ظلم کا کوئی تصور نہیں کیا جا سکتا۔ نیب ترامیم کے ذریعے حکمرانوں نے اپنے اربوں روپے معاف کروا لیے ہیں اور خود کو تحفظ فراہم کیا ہے، جس سے ملک کے مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
بانی چئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی عہدیداروں کے پیسے بیرون ملک پڑے ہوئے ہیں اور وہ عدلیہ کو آزاد دیکھنے کے حق میں نہیں ہیں۔ اشرافیہ کا مفاد ملکی مفاد سے متضاد ہے، ان کا مقصد الیکشن فراڈ اور اپنی دولت کو بچانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حالیہ 6 ماہ میں 4 ہزار پاکستانی کمپنیاں دبئی میں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے اور مہنگائی قابو میں نہیں آ رہی۔
انہوں نے عوام کو اپنے حقوق اور عدلیہ کے تحفظ کے لیے احتجاج کرنے کی اپیل کی اور اعلان کیا کہ لاہور میں 21 تاریخ کو پرامن جلسہ اور تاریخی احتجاج کریں گے۔ یہ ملک کے مستقبل کا مسئلہ ہے اور حکمران قاضی فائز عیسیٰ کو دوبارہ لا کر عدلیہ کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔