آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا ایجنڈا جاری: پاکستان کیلیے قرض منظوری کا امکان

236
Pakistan and the IMF

اسلام آباد: آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا ایجنڈا جاری ہوگیا، جس میں پاکستان کے لیے قرض منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا کیلنڈر جاری ہوگیا، جس کے ایجنڈے میں پاکستان کو شامل کیا گیا ہے۔اجلاس میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری کا امکان ہے۔

پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے 25 ستمبر کے اجلاس کا باقاعدہ کیلنڈر جاری کیا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان نے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت قرض کی درخواست کی ہے، اس سلسلے میں  ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں7 ارب ڈالر قرض کی حتمی منظوری کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو اقساط ملنا شروع ہوجائیں گی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 12 جولائی کو اسٹینڈ بائی معاہدہ طے پایا تھا جب کہ آئی ایم ایف کا نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا۔