اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکومت مولانا کی ہاں یا نہ پر کھڑی ہے، آئینی ترامیم کا مسودہ سامنے لایا جائے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے آئینی ترامیم کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مجوزہ ترامیم کو کابینہ وزراء، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن سے خفیہ رکھا ہوا ہے۔ یہ ترامیم کیا ہیں اور انہیں کیوں چھپایا جا رہا ہے؟
حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کا نہ حکومت کو علم ہے اور نہ ہی اپوزیشن کو جبکہ یہاں تک کہ اتحادی جماعتوں اور کابینہ ارکان کو بھی اس سے لاعلم رکھا گیا ہے۔ اگر یہ ترامیم ملک اور عوام کے مفاد میں ہیں تو ان کو پوشیدہ رکھنے کی کیا ضرورت ہے؟
انہوں نے حکومت کی جانب سے ترامیم کے مسودے کو نہ دکھائے جانے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پوری حکومت مولانا فضل الرحمان کی ہاں یا ناں پر کھڑی ہے، اور ہم پوچھتے ہیں کہ کیا یہ ترامیم عدلیہ کی آزادی کو فروغ دینے کے لیے ہیں یا اسے کنٹرول کرنے کے لیے؟۔
حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ جے یو آئی (ف) نے طویل انتظار کیا ہے لیکن ابھی تک حکومت نے مسودہ شیئر نہیں کیا۔ حکومت جلد از جلد مسودہ سامنے لائے تاکہ اس پر ان کی جماعت اپنا جواب دے سکے۔