اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت ترمیم سے آئین کا حلیہ بگاڑنے جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ آئینی ترمیم آرٹیکل 8 میں کی جارہی ہے، آرٹیکل 8 شہریوں کے بنیادی حقوق کے بارے میں ہے، ملٹری کورٹس میں سویلینز کا ٹرائل بھی اس ترمیم کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کل بہت حکمت اور دانائی کے ساتھ فیصلہ کیا، مجھے افسوس بلاول بھٹو پر ہے جو اس آئینی ترمیم کے بارے میں علم ہونے کے باوجود جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بلاول کے علم میں ہے اس ترمیم کے ذریعے شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی بات ہو رہی ہے، اس ترمیم کے بعد کم از کم بلاول یا پیپلز پارٹی کو جمہوریت کی بات نہیں کرنی چاہئے۔