فراڈ میں ملوث ملزم کو ایس ایچ او قاسم آباد نے آزاد کردیا،محمد سومرو

81

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)قاسم آباد فیز ون کے رہائشی گل محمد سومرو نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار کروڑ روپے سے زائدکے فراڈ کیس میں ملوث ڈی جی ایگری کلچر ریسرچ میرپور خاص ارم تھیبوزوجہ تیمور مغل کو چار روز قبل انکوائری آفیسر کی جانب سے عدالتی احکامات پر گرفتار کرنے کے بعد ایس ایچ او قاسم آباد نے آزاد کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی جی ایگری کلچر ریسرچ ارم تھیبو سے ہمارے پرانے گھریلو تعلقات رہے ہیں اور ارم تھیبو ہم سے مختلف وقتوں میں کافی رقم ادھار لینے کے بعد وقت پر واپس کر دیتی تھی لیکن گذشتہ عرصہ کے دوران ہم سے چار کروڑ 10لاکھ 70ہزار روپے ادھار حاصل کئے جو کہ اب تک واپس نہیں کیے گئے جس پر میں نے عدالت عالیہ میں درخواست داخل کی اور عدالت کے حکم پر چار روز قبل قاسم آباد تھانہ پر مقرر انکوائری آفیسر نے ملزم ارم تھیبو کو گرفتار کر کے تھانہ پر لے جا کر رکھا جس کے بعد ایس ایچ او قاسم آباد نے پہنچ کر انکوائری آفیسر پر دبائو ڈالتے ہوئے ملزمہ ارم تھیبو کو اپنی نجی کار میں گھر چھوڑ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمہ ارم تھیبوکی گرفتاری سے لے کر ایس ایچ او کی جانب سے تھانہ سے اپنی گاڑی میں گھر چھوڑ کر آنے کے تمام ثبوت میرے پاس موجود ہیں۔ انہوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ ایس ایچ او قاسم آباد تھانہ کے خلاف قانونی کاروائی کر کے ملزمہ کو گرفتار کیا جائے اور مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔