کراچی (اسٹاف رپورٹر۱) مختلف سبزیوں کی سرکاری قیمتیں 3 سال کی کم ترین سطح پر آگئیں تاہم بازاروں میں بدستور سرکاری نرخ سے 4 گنا زائد پر سبزیاں فروخت کی جارہی ہیں بچت بازاروں میں بھی من مانی جاری ہے جبکہ عام بازاروں میں گراں فروشوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ 15 ستمبر کیلیے جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق آلو درجہ اول کی قیمت 69 روپے مقرر ہے تاہم شہر بھر میں آلو 100 روپے کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ لال آلو 92 روپے کی سرکاری قیمت کے بجائے 120 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔ پیاز کی قیمت ایک بار پھر آسمان سے باتیں کر رہی ہے سرکاری قیمت 115 روپے ہونے کے باوجود درجہ اول پیاز 150 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔ سرکاری نرخ نامہ میں پھول گوبھی کی قیمت 58 روپے، بند گوبھی کی قیمت 46 روپے مقرر ہے تاہم بازاروں میں گوبھی 100 سے 120 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔ لوکی کی قیمت 46 روپے مقرر ہے تاہم بازاروں میں 80 سے 100 روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔ بیگن کی سرکاری قیمت 40 روپے ہے بازار میں 100 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔ کریلا 92 روپے کے مقابلے میں 150روپے کلو اور ٹماٹر 104 روپے کے بجائے 150روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔ سرکاری نرخ نامے میں کھیرے کی قیمت 104 روپے درج ہے تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں کھیرا 150روپے سے 180روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ ٹنڈے کی سرکاری قیمت 63 روپے تاہم بازاروں میں ٹنڈے 170 سے 180 روپے کلو فروخت کیے جارہے ہیں، گاجر 115روپے کے بجائے 150 سے 160روپے، دھنیا، پودینہ کی گڈی 12 روپے کے بجائے 30 روپے کی اور پالک 58 روپے کے بجائے 100روپے کلو فروخت کی جارہی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔