پریم یونین وفد کی CEOپاک ریلوے سے ملاقات

89

ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدرشیخ محمدانور کی قیادت میں ایک وفدنے سی ای او ریلوے عامربلوچ اورسی پی اواطہر ریاض سے ملاقات کی اور انہیںملازمین کے ٹی اے، اوورٹائم میں کٹوتی ودیگرمطالبات سے آگاہ کیا۔ وفد میں چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، عبدالقیوم اعوان، فیاض شہزاد ،حاجی عبدالعزیز مدنی، جنید خرم، رانامحمداعظم شامل تھے۔ اس موقع پر سی ای او ریلوے عامر بلوچ نے وفدکویقین دہانی کروائی کہ کسی ریلوے مزدورکی حق تلفی نہیں ہوگی ،ٹی اے اوورٹائم کے حوالہ سے ہیڈکوارٹر کی طرف سے جاری کیے گئے لیٹر کی تشریح میں غلط فہمی پیداہو گئی ہے جس کی وضاحت کرکے فوری طور پر ڈویژنزمیں بذریعہ لیٹراطلاع کردی جائے گی۔ شیڈ اسٹاف، لوکورننگ اسٹاف، ریلیف ٹرین اسٹاف، آرٹی ایل اسٹاف، پاوروین اسٹاف، کیرج اسٹاف اور انجینئرنگ اسٹاف سمیت ریلوے کی تمام کیٹیگریز کو سابقہ طریقہ کار کے مطابق ہی اوورٹائم اور ٹی اے دیا جائے گا۔ اس موقع شیخ محمدانور اور وفدنے سی ای او ریلوے عامربلوچ اورسی پی اواطہر ریاض کے اس مزدور دوست فیصلہ پر ان کاشکریہ اداکیا۔ انہوں نے ریلوے مزدوروں کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پریم یونین نے ہمیشہ ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح دی ہے،ریلوے ملازمین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں،پریم یونین ملازمین کے جائز حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔قبل ازیں شیخ محمدانور نے ڈی ایس لاہور ڈویژن محمدحنیف گل سے ملاقات کرکے انہیں بھی ریلوے ملازمین میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں بتایا تھا کہ ریلوے کے صنعتی امن کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے جس کو پریم یونین کے کارکن اور ریلوے نے لوث مزدور مخلص افسران سے مل کرناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے کاہر مزدوراور افسرتمام علاقائی، لسانی ، سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہوکرصرف اور صرف پاکستان ریلوے کی بہتری اور اس کے ٹرین آپریشن کوبہتر سے بہتراور معمول پر رکھنے کے لیے اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے اور یہی ان کی اولین ترجیح ہے۔پریم یونین ریلوے کی سروسزکو معمول پر رکھنے کے لیے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری نے کہاکہ ریلوے ملازمین پریم یونین کے پلیٹ فارم پر منظم و متحد اور متحرک ہوکر ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ریلوے اور مزدوروں کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔