میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام سے منائیں گے‘ جماعت اہلسنت

81

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبیﷺ دنیابھر کی طرح کراچی میں بھی انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔ اپنے پیارے نبی حضرت محمد ﷺسے محبت کا والہانہ اظہار کریں گے۔ جشنِ صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسا لت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوگا۔ صبح بہاراں کا مرکزی اجتماع کل بروز پیر میمن مسجد مصلح الدین گارڈن جوڑیا بازار میں ہو گا جبکہ جماعت اہلسنّت کراچی کا مرکزی جلوس بروز منگل12 ربیع الاوّل17 ستمبر3بجے سہ پہر علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری ودیگر علماء و مشائخ کی قیادت میں بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا جوبراستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا اور جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ عید میلاد النبیؐ ٹھیک 5بجے شام نشتر پارک میں منعقد ہوگا۔ جلسے سے جید علمائے کرام خطاب و قرار دادیں پیش کریں گے۔ نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں اداکی جائے گی۔ میلا د النبیﷺ کے مرکزی جلوس اور جلسے کے انتظامات کو جما عت اہلسنّت کراچی کے ایک ہزار رضا کا ر اور اسکاؤٹس انجام دیں گے۔ علامہ شاہ عبدالحق نے اپیل کی ہے کہ عید میلادالنبی ﷺ کے مرکزی جلو س کے تمام شرکا انتظامیہ اور رضا کاروں سے مکمل تعاون کریں۔