مودی حکومت مقبوضۃ کشمیر میں امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی،برطانوی اخبار

149

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) مودی سرکار کا مقبوضہ کشمیر میں امن قائم کرنے کا فریب اپنی ہی افواج کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہونے لگا، برطانوی اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں نے قابض بھارتی سکیورٹی فورسز کو ناکوں چنے چبوا دیے ہیں۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتخابات سے قبل کشمیر میں حریت پسندوں کے حملے تیز ہو گئے ہیں، کشمیری حریت پسند پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہیں جبکہ بھارتی سیکورٹی فورسز کا مورال پست ترین سطح پر ہے۔ برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ کشمیری مجاہدین بھارتی فورسز کے خلاف جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں اور اپنے اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بناتے ہیں‘ کشمیری مجاہدین اب بہت بہتر تربیت یافتہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کشمیری مجاہدین جنگی ساز و سامان کی ترسیل کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں اور باڈی کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے گھات لگانے کی فلم بناتے ہیں۔ اس حوالے سے بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ کشمیری عسکریت پسندوں کے پاس جدید ترین ہتھیار ہیں‘ ہم حکومت سے اضافی مدد مانگ رہے ہیں۔ برطانوی اخبار کے مطابق حریت پسندوں کے ہائی ٹیک اور اسٹریٹجک حملوں نے بھارتی فوج کو حیران و پریشان کر دیا ہے، 2020ء سے اب تک تقریباً 200 سیکورٹی اہلکار اور 350 سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں، کشمیری مجاہدین کی حملوں کی حالیہ نئی لہر تکنیکی طور جدید ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کشمیری مجاہدین کی نئی حکمت عملے نے بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے، کشمیری علیحدگی پسند بغاوت کو کبھی بھی مکمل طور پر کچلا نہیں جا سکا، بھارت کو اپنی سرحد پر غیر معمولی خطرے کا سامنا ہے۔