ایران کا تحقیقی سیٹلائٹ کامیابی سے خلا کے مدار میں پہنچ گیا

140

تہران(صباح نیوز)ایران ملکی سطح پر تیار تحقیقی سیٹلائٹ کامیابی سے خلا کے مدار میں پہنچ گیا ہے سیٹلائٹ کے سگنلز بھی موصول ہونا شروع ہوگئے۔ ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ‘ارنا’ کے مطابق 60 کلو گرام وزنی ‘چمران ون’سیٹیلاٹ کو ہفتے کو خلا میں روانہ کیا گیا جو کامیابی سے550 کلومیٹر دور خلا کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریسرچ سیٹلائٹ کو پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے مقامی سطح پر بنائے گئے راکٹ ‘قائم100’کی مدد سے خلا میں بھیجا گیا ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ سے زمین پر سگنل موصول ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کا سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا مقصد بلندی پر ہارڈویئر اور سافٹ ویئر سسٹم کی ٹیسٹنگ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں دوسرا مقصد خلائی نظام اور نیویگیشن کی کارکردگی کا معائنہ بھی شامل ہے۔ایران کا کہنا ہے وہ مزید تیرہ سیٹلائٹ بھی جلد خلا میں بھیجے گا۔خیال رہے ایران نے رواں برس بھی جنوری میں اپنے 3 سیٹیلائٹ خلا میں روانہ کیے تھے۔