آئینی ترمیمی بل حکومت کے پاس نہیں‘ بیرسٹر گوہر کا دعویٰ

97

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہرخان نے دعویٰ کیا کہ اس وقت عدلیہ سے متعلق آئینی ترمیمی بل کسی کے پاس موجود نہیں ہے یہاں تک کہ حکومت کے پاس بھی بل موجود نہیں۔ اتوار کو قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ کمیٹی میں جو بات ہوئی وہ تو نہیں بتا سکتے، وزیر قانون نے ہمیں کچھ بریف کیا ہے لیکن اس کمیٹی کا کوئی کام نہیں کہ اس بل پر بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں ان کیمرہ گفتگو ہوئی، ہم نے صرف سنا ہے اور کوئی تجویز نہیں دی، رات کے اندھیرے کی ترامیم ہیں جو رات کے اندھیرے میں ہو رہی ہیں، حکومت نے ابھی تک ہم سے بل شئیر نہیں کیا جب کہ حکومت نے یہ نہیں کہا کہ ووٹنگ کب کروانی ہے لیکن بل کسی کے پاس نہیں ہے، عدلیہ کو کمزور کرنے کی کو شش کی جا رہی ہے، عدالت عظمیٰ نے بہت زبردست فیصلہ دیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز ہمارے ساتھ ہیں، صرف ہمارے 2 اراکین اس وقت رابطے میں نہیں ہیں، ہمارے جن اراکین کے ساتھ رابطہ نہیں ان کے ووٹ اگر کاسٹ ہوتے ہیں تو وہ ہم نہیں مانتے۔ صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کوئی آپ کے ووٹ توڑ رہا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ان شااللہ ایسا نہیں ہوگا۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ2 ستمبر کو ہم نے اپنے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایات جاری کر دی تھیں، ہم نے اپنی ہدایات کی کاپی کی مکمل فائل اسپیکر آفس میں بھی جمع کرائی ہے۔