کیا حکومت نے “ایکس” پر سے پابندی اب تک نہیں اٹھائی؟

225

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن ابھی تک باضابطہ طور پر واپس نہیں لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 12 ستمبر کو ایک خصوصی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اب چونکہ حکومت نے 17 فروری 2024 کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے اس لیے ایکس پر سے پابندی اٹھالی گئی ہے۔

پی ٹی اے نے سندھ ہائی کورٹ سے استدعا کی تھی کہ وہ 12 ستمبر کا حکم نامہ یا تو واپس لے لے یا پھر اُس میں ترمیم کردے۔ سندھ ہائی کورٹ میں اس حوالے سے ایک خصوصی بیانِ حلفی جمع کرایا گیا ہے۔

پی ٹی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کیا جانے والا حکم نامہ دراصل غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔ پی ٹی اے کے ایک وکیل نے عدالت کے روبرو جو کہا وہ ادارے کا درست موقف نہ تھا۔

پی ٹی اے کے حکام نے واضح کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کیے جانے کے حکم نامے کے باعث ادارے کو متعدد دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔