لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب میں پاور شئیرنگ کے معاملات پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن حتمی فیصلے پر نہ پہنچ سکے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تحفظات کے بعد دونوں جماعتوں کی مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا آئندہ اجلاس اب رواں ماہ اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاورشیئرنگ کے معاملے پر اب وفاق میں بات چیت ہوگی، پیپلزپارٹی نے ن لیگ کو اپنے مطالبات اور تجاویز سے آگاہ کردیا تھا، پی پی نے ہرضلع میں 2 لاء افسران کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا۔ پیپلز پارٹی نے ضلعی، پولیس افسران سے کام کروانے کے لیے کمیٹیاں
بنانے کی تجویز بھی دی۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب میں منتخب اراکین، ٹکٹ ہولڈرکو فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے مارکیٹ، بیت المال، زکوٰۃ کمیٹیوں میں بھی نمائندگی مانگی تھی۔ پیپلز پارٹی کے مطالبات پر فیصلہ اب اسلام آباد اجلاس میں ہوگا۔