سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سیپکو کی جانب سے طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئی ہیں، پورا پورا دن بجلی کی بندش سے تاجر و شہری شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، اہم تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں سے 100 فیصد ریکوری ہونے کے باجود صبح سے لے کر شام تک مسلسل بجلی کی بندش سے تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے، صرافہ بازار، گھنٹہ گھر، باغ حیات، شیخ شہین روڈ سمیت دیگر شہری اور تجارتی علاقوں کو سائٹ ایریا قریشی گوٹھ گرڈ اسٹیشن کے ساتھ منسلک کرنا سراسر ظلم و ناانصافی ہے۔ سیپکو حکام شہر میں جاری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر کر فوری اہم تجارتی مراکز صرافہ بازار، گھنٹہ گھر، باغ حیات، شیخ شہین روڈ اور دیگر علاقوں کو سائٹ ایریا قریشی گوٹھ گرڈ اسٹیشن سے ختم کر کے سٹی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی دیں تاکہ تاجروں اور شہریوںکی پریشانیوں کا خاتمہ ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف تجارتی مراکز سے آنے والے تاجروں کے نمائندہ وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مہنگی بجلی اور بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود تاجر اور شہری بجلی کی سہولیات سے محروم ہیں، تاجر جیسے ہی اپنی دکانوں کا شٹر کھولتے ہیں بجلی بند کردی جاتی ہے۔