اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع نے کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کو پی ٹی آئی کا چیئرمین تسلیم کرنے کا تاثر درست نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر علی خان کو پی ٹی آئی کے چیئرمین کے طور پر تسلیم کیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ ابھی تک زیر غور ہے اور اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انٹرپارٹی الیکشن کے معاملے کو ہمیشہ جلد از جلد نمٹانے کی کوشش کی تاہم تحریک انصاف نے بار بار تاخیری حربے
استعمال کیے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ بیان عدالت عظمیٰ کے 8 رکنی بینچ کی جانب سے مخصوص نشستوں کے کیس میںاہم وضاحت کے بعد سامنے آیا جس میں مخصوص نشستوں پر عمل درآمد نہ کرنے اور الیکشن کمیشن کی درخواست کو تاخیری حربہ قرار دیا گیا ہے۔